پیامِ صبح (ماخوذ از لانگ فیلو) | |
اُجالا جب ہُوا رخصت جبینِ شب کی افشاں کا نسیمِ زندگی پیغام لائی صبحِ خنداں کا | |
جگایا بُلبلِ رنگیں نوا کو آشیانے میں کنارے کھیت کے شانہ ہِلایا اُس نے دہقاں کا | |
طلسمِ ظلمتِ شب سُورۂ و النُّور سے توڑا اندھیرے میں اُڑایا تاجِ زر شمعِ شبستاں کا | |
پڑھا خوابیدگانِ دَیر پر افسونِ بیداری برہمن کو دیا پیغام خورشیدِ دُرَخشاں کا | |
ہُوئی بامِ حرم پر آ کے یوں گویا مؤذّن سے نہیں کھٹکا ترے دل میں نمودِ مہرِ تاباں کا؟ | |
پُکاری اس طرح دیوارِ گلشن پر کھڑے ہو کر چٹک او غنچہ گُل! تُو مؤذّن ہے گُلستاں کا | |
دیا یہ حکم صحرا میں چلو اے قافلے والو! چمکنے کو ہے جُگنو بن کے ہر ذرّہ بیاباں کا | |
سوئے گورِ غریباں جب گئی زندوں کی بستی سے تو یوں بولی نظارا دیکھ کر شہرِ خموشاں کا | |
ابھی آرام سے لیٹے رہو، مَیں پھر بھی آؤں گی سُلادوں گی جہاں کو، خواب سے تم کو جگاؤں گی |