میرِ سپاہ ناسزا، لشکریاں شکستہ صف آہ! وہ تیرِ نیم کش جس کا نہ ہو کوئی ہدف | |
تیرے محیط میں کہیں گوہرِ زندگی نہیں ڈھُونڈ چُکا میں موج موج، دیکھ چُکا صدف صدف | |
عشقِ بُتاں سے ہاتھ اُٹھا، اپنی خودی میں ڈوب جا نقش و نگارِ دَیر میں خُونِ جگر نہ کر تلَف | |
کھول کے کیا بیاں کروں سِرِّ مقامِ مرگ و عشق عشق ہے مرگِ با شرف، مرگ حیاتِ بے شرف | |
صحبتِ پیرِ روم سے مجھ پہ ہُوا یہ راز فاش لاکھ حکیم سر بجیب، ایک کلیم سربکف | |
مثلِ کلیم ہو اگر معرکہ آزما کوئی اب بھی درختِ طُور سے آتی ہے بانگِ’ لاَ تَخَفْ‘ | |
خِیرہ نہ کر سکا مجھے جلوۂ دانشِ فرنگ سُرمہ ہے میری آنکھ کا خاکِ مدینہ و نجف |