دل سوز سے خالی ہے، نِگہ پاک نہیں ہے پھر اِس میں عجب کیا کہ تو بےباک نہیں ہے | |
ہے ذوقِ تجلّی بھی اسی خاک میں پنہاں غافل! تُو نِرا صاحبِ ادراک نہیں ہے | |
وہ آنکھ کہ ہے سرمۂ افرنگ سے روشن پُرکار و سخن ساز ہے، نم ناک نہیں ہے | |
کیا صُوفی و مُلّا کو خبر میرے جُنوں کی اُن کا سرِ دامن بھی ابھی چاک نہیں ہے | |
کب تک رہے محکومیِ انجم میں مری خاک یا مَیں نہیں، یا گردشِ افلاک نہیں ہے | |
بجلی ہوں، نظر کوہ و بیاباں پہ ہے میری میرے لیے شایاں خس و خاشاک نہیں ہے | |
عالَم ہے فقط مومنِ جاںباز کی میراث مومن نہیں جو صاحبِ لولاک نہیں ہیِ! |