لا پھر اک بار وہی بادہ و جام اے ساقی ہاتھ آ جائے مجھے میرا مقام اے ساقی! | |
تین سو سال سے ہیں ہند کے میخانے بند اب مناسب ہے ترا فیض ہو عام اے ساقی | |
مری مینائے غزل میں تھی ذرا سی باقی شیخ کہتا ہے کہ ہے یہ بھی حرام اے ساقی | |
شیر مردوں سے ہوا بیشۂ تحقیق تہی رہ گئے صوفی و ملّا کے غلام اے ساقی | |
عشق کی تیغِ جگردار اُڑا لی کس نے عِلم کے ہاتھ میں خالی ہے نیام اے ساقی | |
سِینہ روشن ہو تو ہے سوزِ سخن عینِ حیات ہو نہ روشن، تو سخن مرگِ دوام اے ساقی | |
تُو مری رات کو مہتاب سے محروم نہ رکھ ترے پیمانے میں ہے ماہِ تمام اے ساقی! |