تضمین بر شعرِ صائبؔ | |
کہاں اقبالؔ تُو نے آ بنایا آشیاں اپنا نوا اس باغ میں بُلبل کو ہے سامانِ رُسوائی | |
شرارے وادیِ ایمن کے تُو بوتا تو ہے لیکن نہیں ممکن کہ پھوٹے اس زمیں سے تُخمِ سِینائی | |
کلی زورِ نفَس سے بھی وہاں گُل ہو نہیں سکتی جہاں ہر شے ہو محرومِ تقاضائے خود افزائی | |
قیامت ہے کہ فطرت سو گئی اہلِ گلستاں کی نہ ہے بیدار دل پِیری، نہ ہمّت خواہ برنائی | |
دلِ آگاہ جب خوابیدہ ہو جاتے ہیں سینوں میں نوا گر کے لیے زہراب ہوتی ہے شکرخائی | |
نہیں ضبطِ نوا ممکن تو اُڑ جا اس گُلستاں سے کہ اس محفل سے خوشتر ہے کسی صحرا کی تنہائی | |
“ہماں بہتر کہ لیلیٰ در بیاباں جلوہ گر باشد ندارد تنگناے شہر تابِ حُسنِ صحرائی” |