ایک خط کے جواب میں | |
ہوَس بھی ہو تو نہیں مجھ میں ہمّتِ تگ و تاز حصولِ جاہ ہے وابستۂ مذاقِ تلاش | |
ہزار شُکر، طبیعت ہے ریزہ کار مری ہزار شُکر، نہیں ہے دماغ فِتنہ تراش | |
مرے سخن سے دلوں کی ہیں کھیتیاں سرسبز جہاں میں ہوں مَیں مثالِ سحاب دریا پاش | |
یہ عُقدہ ہائے سیاست تجھے مبارک ہوں کہ فیضِ عشق سے ناخن مرا ہے سینہ خراش | |
ہوائے بزمِ سلاطیں دلیلِ مُردہ دِلی کِیا ہے حافظِؔ رنگیں نوا نے راز یہ فاش | |
“گرت ہوا ست کہ با خِضر ہم نشیں باشی نہاں ز چشمِ سکندر چو آبِ حیواں باش” |