![]() |
| چاند | |
| میرے ویرانے سے کوسوں دُور ہے تیرا وطن ہے مگر دریائے دل تیری کشش سے موجزن | |
| قصد کس محفل کا ہے؟ آتا ہے کس محفل سے تو؟ زرد رُو شاید ہوا رنجِ رہِ منزل سے تو | |
| آفرنیش میں سراپا نور تُو، ظُلمت ہوں میں اس سیہ روزی پہ لیکن تیرا ہم قسمت ہوں میں | |
| آہ! مَیں جلتا ہوں سوزِ اشتیاقِ دید سے تو سراپا سوز داغِ منّتِ خورشید سے | |
| ایک حلقے پر اگر قائم تری رفتار ہے میری گردش بھی مثالِ گردشِ پَرکار ہے | |
| زندگی کی رہ میں سرگرداں ہے تُو، حیراں ہوں مَیں تُو فروزاں محفلِ ہستی میں ہے، سوزاں ہوں مَیں | |
| مَیں رہِ منزل میں ہوں، تُو بھی رہِ منزل میں ہے تیری محفل میں جو خاموشی ہے، میرے دل میں ہے | |
| تُو طلب خُو ہے تو میرا بھی یہی دستور ہے چاندنی ہے نور تیرا، عشق میرا نور ہے | |
| انجمن ہے ایک میری بھی جہاں رہتا ہوں میں بزم میں اپنی اگر یکتا ہے تُو، تنہا ہوں مَیں | |
| مہرِ کا پرتَو ترے حق میں ہے پیغامِ اجل محو کر دیتا ہے مجھ کو جلوۂ حُسنِ ازل | |
| پھر بھی اے ماہِ مبیں! مَیں اور ہوں تُو اور ہے درد جس پہلو میں اُٹھتا ہو، وہ پہلو اور ہے | |
| گرچہ مَیں ظلمت سراپا ہوں، سراپا نور تو سینکڑوں منزل ہے ذوقِ آگہی سے دُور تو | |
| جو مری ہستی کا مقصد ہے، مجھے معلوم ہے یہ چمک وہ ہے، جبیں جس سے تری محروم ہے | |